لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ یونیورسٹی میں طلباء کا صحت انشورنس کرائے جانے کی منظوری مل گئی ہے جس کے بعد منصوبہ بنایاگیا ہے کہ نیک کی ٹیم کو بھی اپنے اس منصوبہ سے متعارف کرایاجائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نیک سے اے گریڈ لینے کیلئے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی کیونکہ طلباء کو ہیلتھ انشورنس کے بعد اے ٹی ایم کارڈ مہیا کرایا جانا ہے۔ یہ اسکیم چھ برسوں سے زیر غور تھی جس پر اب مہر لگ سکی ہے۔ حالانکہ مانا یہ بھی جا رہا ہے کہ نیک ٹیم کے دورہ کے مدنظر ہی انتظامیہ نے اس سمت میں پیش رفت کرتے ہوئے صحت انشورنس کو منظوری دی ہے۔ یہاں ٹیم کے آنے سے قبل یہ اسکیم نافذ کر دی جائے گی اور اس تعلیمی سال میں اس اسکیم پر ہونے والے خرچ کی رقم کی ادائیگی بھی کر دی جائے گی ۔ پالیسی کو لیکر جو منصوبہ بنایاگیاہے اس میں یہ پالیسی صرف ایک برس کیلئے ہی ہوگی۔ ہر برس طالب علم کو ایک نئی پالیسی کرانی ہوگی اس پالیسی کی تجدید نہیں ہو سکے گی اور نہ ہی اس میں کسی طرح کی میچورٹی دی جائے گی اس کیلئے نئے سیشن میں طلباء سے ۵۵۲ روپئے فیس کے ساتھ وصول کئے جائیں گے۔
بچی کے ساتھ فحش حرکت کرنے والا نوجوان گرفتار
لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔چنہٹ علاقہ میں ایک نوجوان نے چار سالہ بچی کے ساتھ فحش حرکت کی۔ بچی وہاں سے بھاگ نکلی اور گھر آکر اس کے بارے میں اہل خانہ کو بتایا۔ بچی کے گھر والوں نے ملزم نوجوان کے خلاف معاملہ درج کرا دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے چنہٹ کے کمتا کی رہنے والی نیہا(تبدیل شدہ نام) منگل کو گھر کے باہر کھیلنے کیلئے نکلی تھی۔ وہیں کارہنے والا امر جیت اس کے پیچھے لگ گیا اور سناٹا دیکھ کر اس کے ساتھ فحش حرکت کرنے لگا۔ بچی نے جب اس کی مخالفت کی تو امر نے اس کے ساتھ زبردستی شروع کر دی۔ کسی طرح بچی وہاں سے بھاگ نکلی اور گھر پہنچ کر اہل خانہ کو پوری بات بتائی۔ بچی کے باپ نے ساری بات سنی اور تھانے پہنچ گیا اور پورے معاملہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے ملزم امر کے خلاف معاملہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اصلاً اعظم گڑھ کا رہنے والا ہے۔