نئی دہلی (بھاشا)۔اترپردیش میں شکرملوں کے ذریعہ کام بند کرنے کی دھمکی کے پیش نظر مرکزی وزیرغذا رام بلاس پاسوان نے کہاہے کہ حکومت کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوںنے یہ بھی کہاکہ شکر کی برآمدات
سبسڈی اور ملوں کو اضافی بلاسودی قرض دینے کے لئے بھی حکومت تیارہے تاکہ کسانوں کے گنے کے بقایاجات کی ادایئگی کی جاسکے۔ انہوںنے مل مالکان سے کہاکہ دھمکی دینا مسئلہ کے حل کا صحیح طریقہ نہیںہے۔ کیونکہ کسانوں کے پاس دوسرے متبادل ہیں۔ جبکہ ان کے پاس نہیں ہیں۔ ملک کی دوسری سب سے بڑی شکرپیداکرنے والی ریاست اترپردیش میں شکرمل مالکان پر گنا کسانوں کا تقریباً۴۵۰۰کروڑ روپیہ بقایاہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ گنے کی قیمت اگر شکر کی شرحوںسے وابستہ نہیں کی جاتی تواس سال ملوں کی سرگرمیاں بند رہیں گی۔ پاسوان نے پی ٹی آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ حکومت گنے کی بقایا رقم کی ادائیگی کرنے کیلئے خام شکر پر برآمدات سبسڈی اور شکرملوں کو اضافی بلاسودی قرض دینے کے لئے تیارہے۔ بشرطیکہ مل مالکان اس کے لئے گارنٹی دیں۔