لکھنؤ، 23 نومبر:پولس تھانوں کو اور زیادہ موثر اور باصلاحیت بنانے کے مقصد سے حکومت اترپردیش نے سبھی پولس تھانوں کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معروف آئی ٹی کمپنی این آئی آئی ٹی اس منصوبہ کو عملہ جامہ پہنائے گی جبکہ بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ (بی ایس این ایل) کی پولس تھانوں میں انٹرنیت کی سہولیات مہیا کرانے کی ذمہ داری ہوگی۔
حکومت نے چار بڑے شہروں کی پولس کی جدید کاری کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں انفارمیشن کمیونیکیشن تکنالوجی (آئی سی ٹی) سمیت اسٹیٹ آف دی آرٹ آڈوائس ٹکنالوجی سے لیس کنٹرول روم کا قیام شامل ہے۔ یہ کنٹرول روم لکھنؤ، کانپور، غازی آباد اور الہ آباد میں قائم ہوں گے۔
حکومت کے فیصلے کی تفصیلات دیتے ہوئے امور داخلہ کے پرنسپل سکریٹری انل کے گپتا نے مزید بتایا کہ 1500 تھانوں کو انٹرنیٹ سے جوڑنے کے علاوہ 1200 پولس کانسٹبل کو جلد ہی ترقی دے کر ہیڈ کانسٹبل بنایا جائے گا، تاکہ ریاست میں قانون اور انتظامیہ کے حالات میں بہتری لانے کے لئے انسانی وسائل کا بہتر استعمال ہوسکے۔
واضح رہے کہ جدید کاری کے اس عمل کے تحت پولس کو نئے بلٹ پروف ہیلمٹ اور نئے خیمے بھی مہیا کئے جائیں گے۔