لکھنؤ، 5 فروری (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج گجرات کے وزیر مالیات نتن پٹیل کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی ریاست میں غربت یوپی اور بہار کے لوگوں کی وجہ سے ہے۔انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہا “گجرات کے وزیر کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ان کی ریاست کے کارخانے محض یوپی اور بہار کے مزدوروں کی وجہ سے چل رہے ہیں اگر ان دونوں ریاستوں کے مزدور اپنے اپنے وطن واپس لوٹ جائیں تو گجرات اور مہاراشٹر کی صنعتیں خود بخود بند ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا اگر گجراتی وزیر اپنی ریاست کا موازنہ ملک سے کرتے۔انہوں نے دعوی کیا کہ یوپی گجرات سے زیادہ بہتر ہے اور دونوں کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے۔یوپی کے وزیر اعلی نے کہا کہ اس طرح کے بیان غیر ضروری طور پر دیئے جاتے ہیں تاکہ میڈیا کی توجہ حاصل کی جاسکے ۔قبل ازیں گجرات کے وزیر نے دعوی کیا تھا کہ گجرات میں غریبی کی ایشو یوپی اور بہار کے لوگوں کی وجہ سے بڑھی ہے۔