لکھنؤ(نامہ نگار)امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے بی جے پی کے انتخابی جلسہ پر روک کے باوجود ہوئے جلسہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی مذمت کی۔ مولانا نے کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کی روک کے باوجود ریلی کو خطاب کیا اور انتظامیہ دیکھتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ یونان کے ماہرین قانون نے لکھا تھا کہ قانون کے جال میں کمزور لوگ پھنستے ہیں اور طاقتور لوگ جال کو توڑکر نکل جاتے ہیں یہی حال ہماری دہشت گردی مخالف ریلی کے ساتھ ہوا۔ یوگی آدتیہ ناتھ پر الیکشن کمیشن نے پابندی لگائی تھی اور انتظامیہ نے اتنی ڈھیل دی کہ وہ ریلی تک پہنچ گئے۔ مولانا نے کہا کہ آدتیہ ناتھ اشتعال انگیز تقریر کر کے چلے گئے اور انتظامیہ تماشائی بنا رہا ہے اور نام کیلئے مقدمہ درج ہوا۔