بدایوں، 2 جنوری (یو این آئی) اترپردیش کے بدایوں میں موسماگج تھانہ میں ایک کمسن لڑکی کے ساتھ دو پولیس اہلکاورں کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ویرپال اور اونیش یادو نامی
دو پولیس کانسٹبل ایک 14 سالہ لڑکی کو زبردستی اپنی کار میں بٹھاکر تھانہ کے اندر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر لے گئے اور باری باری سے اس کی عصمت دری کی۔ یہ واقعہ 31 دسمبر کی رت کو پیش آیا۔ایس پی سٹی للن سنگھ نے بتایا کہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ معاملہ کے بعد سے دونوں پولیس والے فرار ہیں۔ لڑکی کو میڈیکل جانچ کے لئے اسپتال بھیجا گیا ہے۔دریں اثنا بی جے پی نے اس واقعہ پر یو پی کی سماج وادی حکومت کی نکتہ چینی کی ہے۔خیال رہے کہ بدایوں میں ہی گذشتہ برس مئی میں کٹرا گاوں میں دو بہنوں کی اجتماعی عصمت دری اور قتل کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس میں بھی دو پولیس والے ملوث تھے۔ تاہم سی بی آئی نے بعد میں انہیں کلین چٹ دے دی تھی۔