لکھنؤ،(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اور وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو جھوٹ کی مہم میں سب سے آگے بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی لہر ہوا میں اور ہماری لہر زمین پر ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ ریاست میں تین مرحلوں کی پولنگ کے بعد بھی یہ نہیں بتا رہے ہیں کہ گجرات ماڈل کیا ہے۔ یہاں لکھنؤ میں سماجوادی پارٹی کے امیدوار ابھیشیک مشرا کی حمایت میں امین آباد میں منعقد انتخابی جلسہ عام میں اکھلیش نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرقہ پرستی کے راستے معاشرہ کوتقسیم کر کے حکومت بنانا چاہتی ہے۔مسٹر یادو نے کہا کہ جیسے الیکشن آگے بڑھ رہا ہے سماج وادی پارٹی کی نشستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی فرقہ پرست طاقتوں سے مسلسل مقابلہ کر رہی ہے اور انہیں پھر
شکست دے گی۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ گجرات میں کسانوں کی حالت خراب ہے۔ گجرات سے آکر وزیر اعظم کے دعویدار ریاست میں جھوٹی مہم چلارہے ہیں لیکن ان کے ماڈل میں کیا ہے کسی کو نہیں بتا رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سب سے زیادہ حکومت کرنے والی کانگریس کی غلط اقتصادی اور خارجہ پالیسی کے سبب ملک کا فی پیچھے چلا گیاجس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی، بدعنوانی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مرکز میں تیسرے مورچہ کی حکومت بنے گی جس میں سماج وادی پارٹی کا اہم کردار رہے گا۔ مسٹر یادو نے بی ایس پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ بی ایس پی نے اترپردیش کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ عام انتخابات میں بی ایس پی کہیں بھی مقابلہ میں نہیں ہے۔ سماج وادی پارٹی کے حق میں عوام کی زبردست لہر ہے،پارٹی کے جلسوں میں زبردست بھیڑ امنڈ رہی ہے۔ اس سے واضح ہے کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کو سب سے زیادہ نشستیں ملیں گی اور سماج وادی پارٹی کے تعاون سے مرکز میں حکومت بنے گی۔ اکھلیش نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں سماج وادی پارٹی کو زیادہ سے زیادہ نشستوںپر کامیابی دلاکر مرکز میں سماج وادی پارٹی کے اہم کردار والی سیکولر حکومت کی تشکیل میں مدد کریں جس سے عام لوگوں کے مفاد کی حفاظت ہو ساتھ ہی ان کی ترقی کیلئے اہم فیصلے کئے جا سکیں۔