نئی دہلی: دہلی حکومت نے آج اعلان کیا کہ اس کے اسپتالوں میں یکم فروری سے ضروری دواؤں کی کمي نہیں ہو گی۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال اور وزیر صحت ستیندر جین نے حکومت کے اسپتالوں کے میدیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ سال 2016 میں ان کی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹر اور ملازمین اچھے ہیں لیکن نظام کی خرابی کی وجہ سے مریضوں اور غریبوں کو دوا اور دیگر سہولیات نہیں مل پا رہی تھیں۔
حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ یکم فروری سے ضروری دواؤں کی کوئی کمی نہیں رہے گی۔ حکومت دواؤں کا چھ ماہ کا ا سٹاک رکھے گی۔ اس میں تین ماہ کا ذخیرہ اسپتالوں کے پاس اور تین ماہ کا خریداری اتھارٹی کے پاس رہے گا۔ تمام کارروائی ،26 جنوری تک مکمل کر لی جائیگی۔
ہنگامی حالات میں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو دوا خریدنے کا اختیار ہو گا۔ ویسے دوا کی خریداری کا کام اتھارٹی کے ذمہ ہوگا۔