ممبئی : ممبئی سب اربن ٹرینس میں 7 آر ڈی ایکس بم رکھے گئے تھے اور اس کے پھٹنے کے نتیجے میں 188 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس واقعہ کے 9 سال بعد خصوصی مکوکا عدالت امکان ہے کہ کل اپنا فیصلہ سنائے گی ۔ خصوصی مکوکا جج یتین ڈی شنڈے نے قانونی چارہ جوئی کا عمل گزشتہ سال /19 اگست کو مکمل کرلیا تھا ۔ استغاثہ نے 192 عینی شاہدین سے پوچھ تاچھ کی اور تقریباً 5500 صفحات پر ان کا بیان قلمبند کیا گیا ۔
7 آر ڈی ایکس بم /11 جولائی 2006 ء کو ممبئی کی سب اربن ٹرینوں کے فرسٹ کلاس کوچیس میں پھٹے تھے جس کے نتیجہ میں 188 افراد ہلاک اور 829 زخمی ہوئے تھے ۔ اس مقدمہ میں اعظم چیما کے بشمول 14 دیگر ملزمین فرار ہیں ۔ عینی گواہان سے پوچھ تاچھ کا عمل دو سال کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا تھا کیونکہ 2008 ء میں سپریم کورٹ نے حکم التواء جاری کیا تھا ۔ بعد ازاں /23 اپریل 2010 ء کو سپریم کورٹ نے حکم التواء کو برخواست کردیا ۔