نئی دہلی:خزانہ سکریٹری ہس مکھ ادھیا نے آج کہا کہ 30 ستمبر کو بند ہوئی غیر ملکی بلیک منی سے متعلق ایکشن ونڈو نے انکشاف کیا ہے کہ 638 لوگوں نے بیرون ملک میں 4147 کروڑ روپے کی بلیک منی جمع کئے ہیں ۔ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ بیرون ملک میں 3770 کروڑ روپے کی بلیک منی جمع ہے ۔مسٹر ادھیا نے یہاں کہا کہ 90 دن کی مدت والی بلیک منی سے متعلق ایکشن ونڈو نے انکشاف کیا ہے کہ 4147 کروڑ روپے کی بلیک منی پر حکومت کو مجموعی طور سے 2488.20 کروڑ روپے کی ٹیکس سے آمدنی ہوئی ہے ۔
ابتدائی جائزے کی بنیاد پر حکومت نے یکم اکتوبر کو کہا تھا کہ بیرون ملک میں جمع بلیک منی کی مجموعی رقم 3770 کروڑ روپے ہے ۔ لیکن، اس کے بعد کچھ لوگوں نے خط کے ذریعے بھی بیرون ملک میں جمع بلیک منی کا انکشاف کیا ہے ، جس کا اندازہ تو کیا گیا لیکن اس کے اعداد و شمار کو پہلے کئے گئے اعلان میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔مسٹر ادھیا نے کہا کہ ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ غیر ملکی اکانٹ ٹیکس تعمیل ایکٹ پر دستخط کیا ہے اور اب امریکہ سے اس سلسلے کی اطلاعات ملنی شروع ہو گئی ہے ۔ ایچ ایس بی سی کی طرف سے سوئٹزرلینڈ نے بلیک منی سے متعلق فہرست سے 43 مقدمات میں کم از کم 132 کیسز درج کئے گئے ہیں۔