گورکھپور (نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کی ۱۵فروری کو ہونے والی ریلی کیلئے جگہ کا انتخاب کرنے کے بعد پارٹی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مان بیلا میں ڈائس کی تعمیر ، پارکنگ، لوگوں کے بیٹھنے اور ہیلی پیڈ سمیت دیگر بندوبست کا معائنہ کرنے کے لئے پانچ فروری کو پارٹی کے اعلیٰ لیڈران یہاں پہنچیں گے۔ریاستی وزیر راج کشور سنگھ سابق رکن کونسل رام للت چودھری کو ریلی انچارج مقرر کیاگیا ہے۔مذکورہ دونوں لیڈران کی ٹیم بندوبست کا خاکہ تیار کرے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریلی میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے اور تمام پہلوؤں پر نگرانی کے لئے آئندہ پانچ فروری کو ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے لئے پارٹی کے عہدیداران کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ ریلی کے انت
ظامات کے لئے کس کو ذمہ داری سپرد کی جائے گی اس کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ ریاستی وزیر راج کشور سنگھ اور سابق ایم ایل سی پانچ فروری کو سرکٹ ہاؤس میں پارٹی کے اہم عہدیداروں کے ساتھ جلسہ کریں گے۔بی جے پی کے وزیر اعظم منصب کے امیدوار نریندر مودی نے مان بیلا میدان میں ۲۳جنوری کو جن مدعوں پر پارٹی کے سربراہ کی تنقید کی تھی اس کو جواب بھی تیار کیا جارہاہے۔ اس کے لئے علیحدہ سے ٹیم تشکیل کی گئی ہے۔مذکورہ ٹیم مقامی مسئلوں پر بھی توجہ دے رہی ہے جس کی رپورٹ جلد ہی تیار کرلی جائے گی۔ریلی کی جگہ کے نام کا بھی انتخاب کیا جائے گا۔سماجوادی پارٹی کے شہر صدر شہاب انصاری نے بتایا کہ ریلی کو تاریخی بنانے کے لئے سبھی عہدیداروں کو پانچ فروری کو منعقد ہونے والے جلسہ کے بعد ذمہ داری سپرد کردی جائے گی۔