لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ تھارو ذات کی لڑکیوںکو سماجی طور پر بیدار کرنے کیلئے حکومت کی پہل پر ۱۲؍اکتوبر سے ۱۹؍اکتوبر کے درمیان ایک تربیت کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس تربیت میں کھیری و بہرائچ ضلع میں رہنے والی تیس تھارو لڑکیوں کو قانون، جرائم، ایف آئی آر، آئی ٹی آئی و دفاع کے بارے میں معلومات فراہم کرائی جائے گی۔ اس پروگرام کو وومین پاور لائن ۱۰۹۰ منعقد کر رہاہے۔ دو شنبہ سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں ایس پی رکن پارلیمنٹ و وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو بھی موجود رہیں گی۔ وومین پاور لائن ۱۰۹۰ میں تعینات ڈپٹی ایس پی ببیتا سنگھ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی تھارو ذات کی لڑکیوں کو اقتصادی و سماجی طور پر فروغ دینے کیلئے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔ اس کیلئے لکھیم پور کھیری کی ضلع مجسٹریٹ کنجل سنگھ کو تھارو ذات کی لڑکیوں کو نشانزد کرنے کا کام دیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کھیری نے کھیری و بہرائچ ضلع میں رہنے والی تھارو ذات کی تیس لڑکیوں کا ایک بیچ تیار کیا ہے۔ ۱۲؍اکتوبر سے ۱۹؍اکتوبر تک ان تیس تھارو لڑکیوں کیلئے وومین پاور لائن سے تفویض اختیارات تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ دو شنبہ کو شروع ہونے والے اس کیمپ میں رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو، اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر دلجیت چودھری، اے ڈی جی ایس ٹی ایف سجیت پانڈے ، ایس پی ریلوے نیہا پانڈے و آئی پی ایس سونیا سنگھ بھی موجود رہیں گی۔
خود اعتمادی بڑھانا و بیدار کرنا ہوگا مقصد:- آٹھ دنوں تک چلنے والے اس تربیتی کیمپ میں ان لڑکیوں کو آئی پی ایس ، سی آر پی کی بیسک معلومات دی جائے گی۔ خواتین جرائم جیسے گھریلوتشدد، پاسکو ایکٹ اور ہیومن ٹریفکنگ کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان لڑکیوں کو ایف آئی آر لکھنے کا طریقہ بھی اس پروگرام کے دوران سکھایا جائے گا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ تھارو ذات کی ان لڑکیوں کو ایک دن کیلئے امریکن انگلش اسپیکنگ سینٹر کی مدد سے انگریزی کے الفاظ و ان استعمال کی معلومات فراہم کرائی جائے گی۔ حفاظت کیلئے بھی ان لڑکیوں کو ’سیلف ڈیفنس‘ (خود کی حفاظت) کے تین کلاسیز چلائے جائیں گے۔ دو کلاس ریڈ برگیڈ و ایک کلاس ابھیشیک یادو دیں گے۔ وہیں لڑکیوں میں خود اعتمادی بڑھانے کیلئے ان کو اسمبلی بھی لے جایا جائے گا۔ نسواں تھانہ ، حضرت گنج کوتوالی و چار باغ جی آر پی لے جاکر بھی ان تھارو ذات کی لڑکیوں کو قانون و پولیسنگ کی معلومات فراہم کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان لڑکیوں کو خاتون کمیشن بھی لے جاکر کمیشن کے بارے میں بتایا جائے گا کہ وہ لوگ کیسے خواتین کمیشن کی مدد لے سکتی ہیں۔
موجودہ وقت میں آر ٹی آئی قانون کے استعمال کو دیکھتے ہوئے تھارو ذات کی ان لڑکیوں کو آئی ٹی آئی کے بارے میں پوری اطلاع دی جائے گی۔ وومین پاور لائن میں تعینات سی او ببیتا سنگھ نے بتایا کہ ان آٹھ دنوں کے اس پروگرام میں ان لڑکیوں میں خود اعتمادی کو بڑھانا اور زیادہ سے زیادہ معلومات دینا ہی اس کیمپ کا مقصد ہوگا۔