لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گوسائیں گنج علاقہ کے رہنے والے ایک بزرگ کل صبح گھر سے نکلے اور لاپتہ ہو گئے۔ آج صبح ان کی لاش نہر میں تیرتی ہوئی پائی گئی۔ پولیس بزرگ کی موت کو معمولی حادثہ تصور کر رہی ہے۔ گوسائیں گنج کے ملولی گاؤں کے رہنے والے ۷۰ سالہ چھیدا پال جمعہ کی صبح سائیکل سے گھر سے نکلے تھے۔ شام تک جب وہ گھر نہیں پہنچے تو گھر والوں نے ان کی تلاش کی لیکن کوئی پتہ نہ چل سکا۔ آج صبح ادوت کھیڑا گاؤں میں واقع نہر میں چھیدا کی لاش تیرتی ہوئی پائی گئی۔ اطلاع پاکر گوسائیں گنج پولیس موقع پر پہنچی اور چھیدا کے اہل خانہ جائے وقوع پر پہنچے اور لاش کی شناخت کی۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھیدا دماغی طور پر بیمار چل رہا تھا۔ پولیس چھیداکی موت کو معمولی حادثہ تسلیم کر رہی ہے۔