سڈنی: بندرگاہ کاروبار اور کان کنی کے شعبے کی اہم ہندوستانی کمپنی اڈانی گروپ کو آج ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے دولت مشترکہ بینک آف آسٹریلیا نے خود کو کرمائکل کوئلے کی کان کنی کے منصوبے میں مالیاتی مشیر کے کردار سے الگ کر لیا ہے ۔بینک کے ایک ترجمان نے کہا “ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مشیر کا ہمارا کردار ختم ہو گیا ہے ۔ رازداری کی شرائط کی وجہ سے ہم اس سے زیادہ اور کچھ نہیں بتا سکتے ۔”اس سے پہلے بدھ کو آسٹریلیا کی ایک عدالت نے منصوبے کے لئے وہاں کی حکومت کی طرف سے دی گئی ماحولیاتی منظوری منسوخ کر دی تھی۔ان دونوں واقعات کے بعد 16 ارب ڈالر کی مالیت کا دنیا کا سب سے بڑا کوئلے کی کان کنی کا پروجکٹ کھٹائی میں پڑا نظر آرہا ہے ۔
مانا جا رہا تھا کہ کرمائکل پروجکٹ کے لئے سب سے بڑا قرض خواہ دولت مشترکہ بینک آف آسٹریلیا ہی ہوگا۔ ساتھ ہی آسٹریلیا کے سب سے بڑے بینک کے منصوبے سے ہٹنے کے بعد سرمایہ کاروں میں غلط پیغام بھی جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے خود کمپنی نے سرکاری منظوری ملنے میں تاخیر کی بات کہہ کر منصوبے کے کئی حصوں میں کام بند کر دیا تھا۔