بیجنگ / جینیوا / نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد دنیا بھر میں 1.08 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد 5.20 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10836500 ہوگئی ہے جبکہ 520781 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کووڈ ۔19 کے معاملے میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے اموات کے کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے مقام پر ہے۔
ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 20903 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اب متاثرین کی مجموعی تعداد 625544 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس سے 379 اموات ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 18213 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 227439 فعال معاملے ہیں اور اب تک 379892 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ انفیکشن کے معاملے میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔