اسرائیلی فوجی باب العامود پر کارروائی کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر وزیرخارجہ یائرلیپید کی ہے
مقبوضہ بیت المقدس ؛اسرائیلی فوج نے نماز تراویح کے دوران مقبوضہ بیت المقدس کے باب العامو دپر دھاوا بول کر 10افراد کو گرفتار کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں قدیمہ ٹاؤن میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں،جن میں 10افراد زخمی ہوئے۔
فلسطینی مزاحمت کاروں نے سیکورٹی فورسز پر دھماکا خیز مواد پھینکا ، جس کے جواب میں فوج نے آنسو گیس اور ساؤنڈ بم استعمال کیے۔ اس دوران وزیر خارجہ یائر لیپید کی قیادت میں شرپسند یہود بھی برابر کے شریک تھے۔ ادھر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی جانب سے رمضان المبارک میں شر انگیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی گئی۔ حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے کہا کہ باب العامود پر وزیر خارجہ کا دھاوا خطرناک ہے اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔دوسری جانب اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں محکمہ اوقاف اسلامی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شیخ ناجح بکیرات کو مسجد اقصیٰ سے 6ماہ کے لیے بے دخل کردیا۔