نئی دہلی، 30 جولائی (یو این آئی) حکومت نے منریگا کے تئیں اپنی وابستگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ منریگا کو وسعت دینے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا اور اس کے تحت ہر گاؤں میں 100 دن کا روزگار فراہم کیا جائے گا۔
دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے منگل کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ 100 دن کا روزگار فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔ مودی حکومت نے منریگا کے لیے تین گنا التزام کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک روزگار اسکیم ہے اور اسے دیہی علاقوں کے لئے ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔
دیہی ترقی کے وزیر مملکت کملیش پاسوان نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت نے منریگا فنڈز میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ حکومت منریگا کے تحت ہر گاؤں میں 100 دن کا روزگار فراہم کرنے کا کام کر رہی ہے اور یہ کام تیزی سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت منریگا کے کام کے دنوں میں اضافہ کر کے اسے 100 دن کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت منریگا سے متعلق جو بھی مطالبہ کرتی ہے اسے پورا کیا جاتا ہے۔