مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں گنپتی کے وسرجن کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ وسرجن کیلئے گئے لوگوں سے بھری ایک کشتی الٹ گئی، جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ کشتی میں کل 18 افراد سوار تھے۔ 7 افراد کو بحفاظت بچایا گیا ہے۔ واقعہ بھوپال کے خاتلا پورہ گھاٹ کا ہے۔ انتظامیہ نے تالاب سے 11 افراد کی لاشیں نکال دی ہیں۔ جبکہ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ریسکیو آپریشن کرکے 7 افراد کو بحفاظت بچانے میں کامیاب ہوگئی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ، صبح 3 بجے گنپتی وسرجن کے دوران حادثے میں 11 افراد کی موت ہوگئی۔ ہلاک ہونے والے افراد پپلانی کے 1100 کوارٹر کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔اس پورے حادثہ کے بعد ضلع کلکٹر نے مہلوکین کے لواحقین کو 4 ۔ 4 لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیرِتعلقات عامہ پی سی شرما نے خاتلا پورہ گھاٹ میں ہونے والے حادثے کو بدقسمتی سے تعبیرکیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کلکٹر نے مہلوکین کے اہل خانہ 4 ۔ 4 لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حادثہ کیسے ہوا۔اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بھوپال حادثے کی مجسٹریٹ سے جانچ کا حکم دیا
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بھوپال میں آج علی الصبح گنیش مورتی وسرجن کے دوران حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مجسٹريٹ سے جانچ کرانے کا حکم دیا-سی ایم کمل ناتھ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت ہرمتاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے مرنے والوں کے لواحقین کو حکومت کی طرف سے 4-4 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی جانچ میں لاپرواہی سامنے آنے پر کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
گنیش وسرجن کے دوران کشتی پلٹنے کا حادثہ کافی دل دہلا دینے والا : شیوراج
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں آج علی الصبح ہوئے کھٹلاپور گھاٹ پر گنپتی وسرجن کے دوران کشتی پلٹنے سے 11 افراد کی موت پر سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے رنج و غم کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔شیوراج چوہان نے ٹویٹرپردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھٹلاپور میں گنیش وسرجن کے دوران کشتی پلٹنے کا حادثہ کافی دل دہلا دینے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں مرنے والے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اورایشور سے ان کی آتما کی شانتی اور ان کے گھروالوں کو دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت دینے کی دعا کرتا ہوں۔