ہنوئی : ویتنام کے کئی وسطی صوبوں میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک، 34 زخمی اور 11 لاپتہ ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاع ویتنام کے ڈیزاسٹر اینڈ ڈائیک مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو دی۔
رپورٹ کے مطابق، ایک لاکھ سولہ ہزار سے زیادہ مکانات زیرِ آب ہیں جبکہ 56 مکانات منہدم یا بہہ گئے اور تقریباً 150 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے تقریباً 4,900 ہیکٹر دھان اور دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ 790 ہیکٹر پھلدار درخت متاثر ہوئے اور 17,700 سے زائد مویشی اور مرغیاں ہلاک ہو گئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے چار صوبوں اور شہروں میں 4,38,000 سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر روسی حکومت کی جانب سے ہیو شہر میں سیلاب متاثرین کے لیے 29 ٹن امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، جس میں خیمے، کمبل، بچاؤ کشتیوں اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔