غزہ: فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں جارحیت کو 140 روز مکمل ہو گئے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں مزید 100 سے زائد افراد شہید ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 30 ہزار کے قریب فلسطینی شہید اور 69,737 زخمی ہو چکے ہیں، گزشتہ رات جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیل کی بمباری میں 8 افراد شہید ہوئے، جب کہ حماس سے لڑائی میں ایک اور اسرائیلی فوجی افسر ہلاک ہو گیا، جس کی عمر 21 سال تھی۔
زمینی آپریشن کے دوران اب تک 238 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا رفح میں حماس کے مکمل خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ادھر اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اسرائیلی مذاکرات کار آئندہ ہفتے دوحہ جائیں گے۔اسرائیل کی جنگی کابینہ جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر غور کرنے کے لیے اجلاس کر رہی ہے، ایسے میں تل ابیب میں حکومت کے خلاف ہونے والے مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، پولیس بھی مظاہرین پر ٹوٹ پڑی اور 21 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جس پر اسرائیل کی یش اتید پارٹی کے رہنما یائر لاپڈ نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس تشدد کو خطرناک اور جمہوریت مخالف قرار دیا۔