غزہ/یروشلم : غزہ پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 15 فلسطینی مارے گئے۔ انکلیو کے صحت کے حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی ڈبلیو ایف اے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے نو ہفتے کے روز شمالی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملوں میں مارے گئے، جس میں بیت لاحیہ میں لوگوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا اور ایک گاڑی پر بمباری کی گئی۔
اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں بیت لاحیہ پر اپنے حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہدف دہشت گرد تھے۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنوری میں طے پانے والے مرحلہ وار جنگ بندی کے معاہدے کے پائیدار ہونے کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے درمیان اسرائیلی فورسز نے حال ہی میں غزہ میں فضائی حملے تیز کر دئیے ہیں۔
معاہدے کا پہلا چھ ہفتے کا مرحلہ یکم مارچ کو ختم ہوا اور دوسرے مرحلے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
غزہ میں قائم صحت کے حکام کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے تنازع شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 48 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔