یروشلم: اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کے لیے بہ طور احتجاج 17 اپریل سے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد 1600 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 1500 قیدیوں کی بھوک ہڑتال کو آج 15 دن ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ‘مجد’ جیل میں قید مزید 100 فلسطینی قیدیوں بھوک ہڑتال کرنے والوں کی صف میں شامل ہوئے ہیں جس کے بعد بھوک ہڑتالی قیدیوں کی تعداد 1600 سے تجاوز کرگئی ہے۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران کی قائم کردہ مشترکہ فالو اپ کمیٹی کا کہنا دو روزقبل ‘مجد’ جیل کے مزید 100 قیدیوں نے اجتماعی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی ہڑتال 15روز سے جاری ہے۔ قیدیوں کے حوالے سے تشویش بھی لاحق ہے کیونکہ صہیونی جیلر اور تفتیش کار قیدیوں کو زدو کوب کرنے اور انہیں قید تنہائی کی سزائیں دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران کے ڈائریکٹر عیسیٰ قراقع نے بتایا کہ دو ہفتوں سے جاری بھوک ہڑتال کے نتیجے میں قیدی کمزوری سے نڈھال ہیں مگر وہ بھوک ہڑتال کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسیران کے حقوق اور مطالبات کی حمایت میں عالمی اور عرب ممالک کی سطح پر بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ قیدیوں کی بھوک ہڑتال کے حوالے سے اسرائیل پر بھی دباؤ ڈالا جاسکے۔