بیروت/یروشلم : اتوار کی شام جنوبی لبنان میں عیناتا گاؤں میں واقع مکان کو نشانہ بناکر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ لبنان کے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے یہ اطلاع دی۔
لبنان کی صحت عامہ کی وزارت سے وابستہ مرکز نے ایک بیان میں فضائی حملوں اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
لبنان کے ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مکان پر فضا سے زمین پر مار کرنے والے دو میزائل داغے جس سے متعدد جانی نقصان ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ شہری دفاع کی ٹیمیں ملبہ ہٹانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ایک دوسرے حملے میں، اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے جنوب مشرقی لبنان کے گاؤں کفر کیلا میں پہلے سے تیار شدہ مکانات پر تین میزائل داغے، جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق باشندوں نے یہ عارضی گھر تقریباً دو ہفتے قبل عارضی پناہ گاہ کے طور پر بنائے تھے۔ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثناء، لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) نے اطلاع دی ہے کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے دوپہر کو رامیا گاؤں میں اپنے گھر کا معائنہ کرنے والے شہری کے قریب اسٹن گرینیڈ گرایا۔