کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر اس کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا۔
نیو لینڈز میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا میزبان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
26 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیوپلیسی اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس کے ساتھ پاکستانی بلے بازوں پر قہر بن کر برسے اور 131 رنز کی شراکت قائم کی۔
فاف ڈیوپلیسی 78 اور ریزا ہینڈرکس 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی باؤلز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے 200 رنز کرنے کے خواب کو چکنا چور کردیا۔
جنوبی افریقہ نے ابتدائی 15 اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 157 رنز اسکور کر لیے تھے، تاہم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز اسکور بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 3 جبکہ حسن علی، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا نقصان پہلے ہی اوور میں 4 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، تاہم بابر اعظم اور حسین طلعت نے ٹیم کو 81 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔
حسین طلعت 40 رنز بنا کر 85 کے مجموعے جبکہ بابر اعظم 38 رنز بنا کر 93 رنز پر آؤٹ ہوگئے تو ایسے میں کپتان شعیب ملک نے وکٹ کی ایک جانب ڈٹ کر جنوبی افریقی بلے بازوں کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔
وکٹ کی دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، تاہم شعیب ملک شاندار انداز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو آخر اوور تک لے گئے۔
آخری 4 گیندوں میں 14 رنز درکار تھے کہ شعیب ملک کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا، جس کے بعد شاداب خان نے مزاحمت کی اور ٹیم کی شکست کے مارجن کو 6 رنز تک محدود کردیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس، بیورن ہینڈرکس اور تبریز شمسی نے 2،2 جبکہ اینڈائل فیلکوائیو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کو بہترین فیلڈنگ کی بنیاد پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی نہ صرف پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل فتوحات بلکہ مسلسل اہداف حاصل کرنے کے سلسلے کو بھی توڑ دیا۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم اپنا بہترین کھیل پیش کرکے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
کپتان نے بتایا کہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ انجری کی وجہ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شرکت نہیں کر سکے جبکہ حسین طلعت، حسن علی اور آصف علی کی ٹیم واپسی ہوئی۔
اس موقع پر جنوبی افریقہ کپتان فاف ڈیوپلیسی کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم کے کچھ اہم کھلاڑیوں کو پہلے میچ میں آرام دیا گیا۔
پاکستان ٹیم میں شعیب ملک (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، محمد رضوان، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم فاف ڈیوپلیسی کی قیادت میں نسبتاً کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں ریزا ہینڈرکس، جیہان کلوئٹے، روسی فینڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، ہینرچ کلاسن، اینڈائل فیلکوائیو، کرس مورس، بیورن ہینڈرکس، جونیئر ڈالا اور تبریز شمسی شامل ہیں۔