گجرات میں غیر موسمی بارش کے بعد آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد کی موت
، امیت شاہ نے اظہار تعزیت کیا۔
ایس ای او سی کے اہلکار نے بتایا کہ داہود ضلع میں چار، بھروچ میں تین، تاپی میں دو اور احمد آباد، امریلی، بناسکانٹھا، بوٹاڈ، کھیڑا، مہسانہ، پنچ محل، سابر کانٹھا، سورت، سریندر نگر اور دیو بھومی دوارکا میں ایک ایک کی موت ہوئی۔
گجرات کے مختلف علاقوں میں بے موسمی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ ایک اہلکار نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کے ایک اہلکار کے مطابق، گجرات کے مختلف حصوں میں بارش سے متعلق حادثات میں اب تک 20 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ یہ تمام افراد غیر موسمی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔
ایس ای او سی کے اہلکار نے بتایا کہ داہود ضلع میں چار، بھروچ میں تین، تاپی میں دو اور احمد آباد، امریلی، بناسکانٹھا، بوٹاڈ، کھیڑا، مہسانہ، پنچ محل، سابر کانٹھا، سورت، سریندر نگر اور دیو بھومی دوارکا میں ایک ایک کی موت ہوئی۔
شاہ نے اتوار کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر لکھا، ”گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں اس سانحے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان پر اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ پیر کو بارش کم ہونے کا امکان ہے۔ SEOC کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گجرات کے 252 میں سے 234 تعلقہ میں اتوار کو بارش ہوئی۔
سورت، سریندر نگر، کھیڑا، تاپی، بھروچ اور امریلی اضلاع میں 16 گھنٹوں میں 50-117 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے زندگی درہم برہم ہوگئی اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ راجکوٹ کے کچھ حصوں میں ژالہ باری ہوئی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ سوراشٹرا خطہ کے موربی ضلع میں فیکٹریوں کے بند ہونے کی وجہ سے سیرامک انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے احمد آباد سینٹر کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے کہا کہ پیر کو بارش کم ہوگی اور جنوبی گجرات اور سوراشٹرا اضلاع کے کچھ حصوں پر مرکوز ہوگی۔