نئی دہلی، 31 مارچ (یو این آئی) نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں لاک ڈاؤن کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کے اکٹھا ہونے اور یہاں 24 افراد کے کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر پائے جانے کے بعد دہلی میں تقریبا 20 ہزار گھروں کی شناخت کر کے سختی سے گھریلو قرنطینہ کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے وزیر اعلی اروند کجریوال اور دیگر وزرا اور اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔
مسٹر بیجل نے کہا کہ تبلیغی مرکز کے واقعہ کے بعد 20 ہزار گھروں کی نشاندہی کر کے گھریلو قرنطینہ کیا جائے گا۔ اس میں سب سے زیادہ تعداد جنوب مشرقی دہلی کی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن پر سب کو سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کھانا فراہم کرنے کے لئے 500 مقامات سے بڑھاکر ڈھائی ہزار کیا جا رہا ہے جس سے سوشل ڈسٹنسنگ (سماجی فاصلہ) کا سختی سے عمل کرایا جا سکے۔
مسٹر بیجل نے کہا سوشل ڈسٹنسنگ کے لئے ہر سطح پر لوگوں کوبیدار کرنے کی ضرورت ہے۔