جون پور، 11 نومبر؛اترپردیش کے ضلع جونپور میں جمعرات کی صبح سلطان پور سے مغل سرائے جانے والی مال گاڑی کی 21 بوگیاں شری کرشنا نگر (بدلہ پور) ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اُد پور گھاٹم پور کے قریب الٹ گئیں جس کی وجہ سے جونپور- وارانسی ریل روٹ پر ریل آمدورفت بند ہونے کی وجہ سے اس روٹ پر چلنے والی ٹرینیں اپنی جگہوں پر کھڑی کردی گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مال گاڑی مغل سرائے سے کوئلہ لانے کے لیے صبح 6:58 بجے سلطان پور سے روانہ ہوئی۔ مال گاڑی میں 59 بوگیاں تھیں۔ یہ مال گاڑی سری کرشن نگر (بدلہ پور) ریلوے کراسنگ کو عبور کرنے کے بعد صبح 7:58 بجے اُد پور گھاٹم پور کے قریب پہنچی ہی تھی کہ اچانک کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ٹرین کی تیز رفتاری کے باعث آگے سے 16 اور پیچھے سے 21 کو چھوڑ کر باقی 21 بوگیاں الٹ گئیں۔