بریلی: اترپردیش میں بریلی کے بتھري چین پور علاقے میں ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس اور ٹرک کے درمیان ہوئے شدید تصادم کے بعد بس میں آگ لگنے سے 22 افراد جل کر ہلاک ہوگئے جبکہ 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ رات تقریبا ایک بجے دہلی سے گونڈا جارہی بس کو نیشنل ہائی وے پر ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ تصادم کے بعد بس اور ٹرک میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں بس میں سوار 22 مسافر زندہ جل گئے اور 15 افراد زخمی ہو گئے ۔
تمام زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جس میں چند افراد کی حالت نازک ہے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق دہلی سے گونڈا جارہی ٹرانسپورٹ کی بس میں بتھري چین پور علاقے میں سامنے سے آ رہے تیز رفتار ٹرک نے بس کے ڈیزل ٹینک میں ٹکر مار دی جس سے ٹینک پھٹ گیا اور بس میں آگ لگ گئی۔آنافانامیں آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی اور مسافروں کو بس سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا اور 22 افراد دردناک طریقے سے زندہ جل گئے ۔ بس میں 37 مسافر سوار تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جوگیندر سنگھ دیگر حکام کے ساتھ موقع پر پہنچے اورفائر برگیڈ کے اہلکاروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ زخمیوں میں چندافراد کی حالت نازک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بس سے 22 لوگوں کی لاشیں باہر نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے ۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافروں کو بس سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا اور بس پوری طرح جل کر خاک ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے ٹرک کا بھی اگلا حصہ جل گیا ہے ۔