جنوبی کوریا کے جج نے سابقہ صدر پارک جیون ہائی کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر 24 سال جیل کی سزا سنادی۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پارک جیون کی سزا سیئول کی سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج نے پڑھ کر سنایا۔
خیال رہے کہ سابقہ صدر کے خلاف 10 ماہ سے چلنے والے ٹرائل کے بعد فیصلہ سامنے آیا جس میں ان پر مختلف جرائم جن میں رشوت اور اختیارات کا ناجائز استعمال شامل ہے، میں جرم کا مرتکب پایا گیا۔
عدالت کے جج کم سی یون نے سابقہ صدر کے پرانے ساتھی چوئی سون سل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے چوئی کے ساتھ مل کر 24 ارب کی رقم کا مطالبہ یا وصول کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ملزم کو 24 سال جیل اور 18 ارب وون (جنوبی کوریا کی کرنسی) جرمانہ عائد کیا ہے‘۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے سابقہ صدر نے زیادہ تر ٹرائل پر کسٹڈی میں احتجاج کیا تھا اور وہ جمعے کے روز سنائے جانے والے فیصلے کے دوران بھی موجود نہیں تھیں جسے ٹی وی چینل پر براہ راست دکھایا گیا تھا۔