حرمین شریفین کے امور کی انتظامیہ کی جانب سے چھڑکاؤ والے 250 پنکھے فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے سلسلے میں مسجد حرام اور اس کے صحنوں میں فضا کو سکون بخش بنانا ہے۔
یہ پنکھے مسجد حرام اور مسجد نبوی کے صحنوں میں گرم اور خشک ہوا کو مناسب بناتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ہوا کو پانی کے چھڑکاؤ کے ذریعے ٹھنڈا کرنے کی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
چھڑکاؤ والے ان پنکھوں کا استعمال کھلی جگہاؤں پر ہوتا ہے۔ یہاں پر ایک پریشر پمپ کے ذریعے بڑے دباؤ کے ساتھ پانی کو خصوصی پائپ لائنوں میں چھوڑا جاتا ہے۔ بعد ازاں یہ ہر پنکھے میں نصب کلیننگ فلٹر سے گزرتا ہے اور پھر پانی ٹھنڈی پھوار کی شکل میں پنکھوں سے باہر آتا ہے۔
مسجد حرام کے صحنوں میں تقسیم کیے گئے ان چھڑکاؤ کے پنکھوں کی تعداد 250 ہے۔ یہ پنکھے زمین سے تقریبا 4 میٹر کی بلندی پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ پنکھے 10 میٹر کے فاصلے تک پانی کے چھڑکاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کو نماز کے اوقات میں، مسجد حرام کے صحنوں میں ہجوم کے وقت اور درجہ حرارت بڑھنے پر چلایا جاتا ہے۔
کھلے مقامات پر فضا کو مناسب بنانے کے لیے سب سے زیادہ آزمودہ اور مؤثر طریقہ چھڑکاؤ والے پنکھوں کا استعمال ہے۔ ان کے ذریعے باہر کا درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا سکتا ہے۔