فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جنین کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے حملے میں تین فلسطینی شہید ہو گئے۔
عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی جوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جنین کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے حملے میں ایک چھوٹا فلسطینی بچہ اور دو فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی اس جارحیت میں کم سے کم انتیس فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی فوجیوں کی ایک گاڑی کے راستے میں دھماکہ کرکے اسے تباہ کر دیا۔
صیہونی ذرائع نے بھی اعتراف کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے تحریک مزاحمت کے مجاہدین کی جانب سے استعمال کئے جانے والے بم کی توانائی پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
اس حملے کے بعد صیہونی ذرائع نے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مجاہدین کا تعاقب شروع کر دیا اور فلسطینیوں کی جوابی کاروائی میں چھے صیہونی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی گئ ہے۔فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کی جوابی کاروائی میں چھے صیہونی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد غاصب حکومت نے علاقے میں اپنے فوجی ہیلی کاپٹر بھیج دیئے جبکہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی حکومت کے ان فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
صیہونی حکومت کے ان ہیلی کاپٹروں نے جنین میں الجابریات نامی مسجد کے اطراف کے علاقے پر حملہ کیا۔
کہا جاتا ہے کہ دو ہزار دو کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجی ہیلی کاپٹروں نے غرب اردن کے علاقے پر حملہ کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے علاقے میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقے میں اپنے جنگی وسائل بھی ارسال کر دیئے جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی جوانوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
عبری ذرائع نے فلسطینی مجاہدین کی جانب سے صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کئے جانے کو ایک دردناک واقعہ قرار دیا ہے۔ ان ذرائع نے فلسطینی جوانوں کی جوابی کاروائی میں صیہونی فوجی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینیوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تئیس صیہونیت مخالف کاروائیاں انجام دیں۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کے مطابق مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈ کی جنین بٹالین نے اپنے بیان میں کہا کہ الجابریات پر حملے کرنے والے صیہونی فوجیوں کو ہماری فورسز نے بموں اور گولیوں سے نشانہ بنایا جس میں کئی صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔ بیان کے مطابق صیہونی فوجیوں کی ایک گاڑی کو بھی بم سے نشانہ بنایا گیا جو ناکارہ ہوگئی جب کہ فلسطینی مزاحمتی فورسز نے کیمپ کے اردگرد متعین اسنائپروں پر بھی فائرنگ کی۔
مقبوضہ فلسطین میں نتن یاہو کی انتہا پسند کابینہ تشکیل دیئے جانے کے بعد سے مقبوضہ بیت المقدس اور مختلف فلسطینی علاقوں میں صیہونی جارحیت میں تیزی آئی ہے۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تحریک مزاحمت کی مستحکم کاروائیاں اور غرب اردن کے علاقوں میں جارحیت کے جواب میں جارح صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنائے جانے سے اس حقیقت کا پتہ چلتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے سرکوبی کے باوجود تحریک مزاحمت کا جوش و جذبہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں خاص طور سے غرب اردن کے مختلف علاقوں کی صورت حال بحرانی بنی ہوئی ہے اور فلسطینی مجاہدین کی جانب سے ہر صیہونی جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا جا رہا ہے ۔