غزہ، 3 اکتوبر (یو این آئی) وسطی غزہ پٹی میں اسرائیلی فضائی حملے میں تین فلسطینی ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے بدھ کو دی۔ غزہ میں سول ڈیفنس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اس کی ٹیم نے وسطی غزہ میں نصرت کیمپ میں بے گھر ہونے والے افراد کے گھر نصرت ایلیمنٹری اسکول سے لاشیں اور زخمی برآمد کیے۔
مقامی عینی شاہدین نے ژنہوا کو بتایا کہ ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے نصرت ایلیمنٹری اسکول پر بمباری کی جس سے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ایندرائی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، اسرائیلی فضائیہ نے ایسے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جو اس سے قبل وسطی غزہ میں نصرت گرلز اسکول کے طور پر استعمال کئے جانے والے علاقے میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپاؤنڈ میں کام کررہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کمپلیکس حماس کے ارکان آئی ڈی ایف فورسز اور اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان کو انجام دینے کے لیے استعمال کرتے تھے۔
غزہ میں قائم صحت کے حکام نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 41,689 ہو گئی ہے۔