ممبئی۔ 3 دسمبر: 42 سالہ ہندوستانی لیگ سپنر پراوین تمبے کو چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پہلی بار رانجی ٹرافی کیلئے ممبئی کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ تمبے نے ابھی تک فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی، انہیں پہلی بار ٹاپ لیول کھیلنے کا موقع رواں سال آئی پی ایل میں ملا، انہوں نے 41 سال کی عمر میں اپنا پہلا میچ راجستھان رائلز کی جانب سے دہلی ڈیئر ڈیولز کے خلاف کھیلا، تین میچز میں وہ تسلی بخش کارکردگی نہ دکھا سکے مگر چیمپئنز لیگ میں انہوں نے غیر معمولی بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 12 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ رہے۔ اسی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ممبئی نے انہیں رانجی ٹرافی کیلئے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ 6 دسمبر سے جارکھنڈ کے خلاف شروع ہونے والے میچ میں ان کی شرکت متوقع ہے۔