پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی تھرٹی فائیو ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پاکستان کے عسکری ذرائع نے بتایا کہ روس اور پاکستان کے درمیان ایم آئی تھرٹی فائیو ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاہدہ جلد ہوجائے گا۔ ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے عسکری ذرائع نے یہ بتانے سےگریز کیا کہ یہ معاہدہ کب ہوگا اور پاکستان روس سے کتنے ہیلی کاپٹر خریدے گا۔ پاکستان دوہزارنو سے ان ہیلی کاپٹروں کو خریدنے کی کوشش کررہا ہے اور دونوں ممالک نے گزشتہ نومبر میں دفاعی تعلقات بڑھانے کے لیے باہمی دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی تھرٹی فائیو ہیلی کاپٹروں کی خریداری کی خبریں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے دورہ ماسکو کے موقع پر سامنے آئی ہیں۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ جنرل راحیل شریف نے سولہ جون کو روس کے ڈائنامک ڈیفنس ایکسپو کا دورہ کیا جہاں متاثرکن ہیلی کاپٹر، ایئرکرافٹ اور ہتھیار موجود تھے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ ماسکو کے دوران روسی فوج کے سربراہ جنرل اولیگ سایو کوف، نائب وزیر دفاع آناتولی انتونوف اور روس کے دیگر اعلی حکام سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ کہا جارہا ہے کہ ہیلی کاپٹروں کے علاوہ پاکستان دیگر روسی سامان حرب خریدنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔