کیجریوال کے سر پر وزیراعلیٰ کا تاج سجانے کی تیاریاں مکمل
نئی دہلی، 27 دسمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال دہلی کے پانچویں وزیراعلیٰ کے طور پر کل اپنے کابینی رفقاء کے ساتھ حلف لیں گے۔حلف برداری کی تقریب رام لیلا میدان میں ہوگی۔ حلف برداری دوپہر بارہ بجے ہوگی۔ حلف برداری تقریب کیلئے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ سلامتی وجوہات کی وجہ سے رام لیلا میدان کو سیل کردیا گیا ہے۔مسٹر کیجریوال نے آج بتایا کہ وہ حلف برداری کیلئے میٹرو ریل سے رام لیلا میدان جائیں گے ۔ ان کے ساتھ حلف لینے والے دیگر وزراء بھی میڑوریل سے رام لیلا میدان جائیں گے۔1993 میں دہلی اسمبلی قائم ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب حلف برداری کی تقریب کھلے میدان میں منعقد کی جارہی ہے۔
مسٹر کیجریوال دہلی کے سب سے کم عمر کے وزیر اعلی ہوں گے، اس سے قبل 1933 میں بی جے پی کے کامیاب ہونے پر مدن لال کھورانہ وزراعلی بنے تھے لیکن حوالہ گھپلہ میں نام آنے پر انہوں نے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ اس کے بعد صاحب سنگھ ورما کو وزیراعلی بنایا گیا تھا۔ اسمبلی الیکشن سے تقریباً ایک سال پہلے مسٹر ورما کو ہٹاکر سشما سوراج کو بی جے پی کا وزیراعلی بنایا گیا تھا لیکن بی جے پی کو الیکشن میں بری طرح ناکامی کا سامنا پڑا اور کانگریس کامیاب ہوئی تھی۔ کانگریس کی طرف سے شیلا دکشت 1998 میں وزیراعلی بنیں۔ اس کے بعد 2003 اور 2008 میں ہوئے انتخابات میں بھی کانگریس کامیا ب رہی اور حکومت کی باگ ڈور محترمہ دکشت کے ہاتھوں میں ہی رہی۔مسٹر کیجریوال نیحلف برداری میں شامل ہونے کیلئے دہلی کے عوا م کو دعوت دی ہے۔ کیجریوال کے ساتھ منیش سسودیا، سوم ناتھ بھارتی، راکھی بڑلا، ستیندر جین، سوربھ بھاردواج اور گریش سونی شامل ہیں۔