لاس اینجلس ، 11 اکتوبر (یو این آئی/ژنہوا) امریکہ کے سب سے بڑے جزیرے ہوائی کے جنوب میں پیر کے روز علی الصبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 تھی۔ زلزلہ کے جھٹکے ہندوستانی وقت کے مطابق صبح تقریبا 3.30 بجے محسوس کیاگیا۔ اس کا مرکز سطح زمین سے 35 کلومیٹرنیچے ،جزیرہ ہوائی کے جنوبی سرے پر نلیہو سے تقریبا 17 میل ( لگ بھگ 27 کلومیٹر) جنوب، جنوب مشرق میں تھا۔ نلیہو ہوائی سلسلہ کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ فعال آتش فشاں علاقہ ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد بھی مختلف شدت کے کئی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ہوائی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے زلزلے کے بعد ایک پریس ریلیز میں کہا ’’پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کے دستیاب تمام اعداد و شمار کے مطابق ہوائی جزائر میں سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘‘ ایجنسی نے کہا کہ مقامی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور زلزلہ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔
مقامی خبر رساں اداروں نے بتایا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے ہوائی جزیرے اور کاوئی اور اوہایو تک محسوس کیے گئے۔ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔