کانپور، 31 جنوری (یو این آئی) اتر پردیش میں کانپور کے بابوپوروا علاقے میں ایک بے قابو سٹی ای بس کی زد میں آنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 11 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانپور میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایات دی ہیں۔
پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی دیر رات ایک ای بس گھنٹہ گھر سے ٹاٹ مل چوراہے کی جانب تیز رفتاری سے آرہی تھی کہ ایک ای رکشہ سے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈیوائیڈر کو پار کرکے مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کو روندتے ہوئے ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں شبھم سونکر (26)، ٹوئنکل (25)، ارسلان (24) اور اجیت کمار (60) کے علاوہ دو دیگر افراد کی موت ہوگئی۔ حادثے میں زخمی دیگر گیارہ افراد کو ہالیٹ اسپتال اور ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہو گیا تاہم بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔