ڈھاکہ، 29 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش میں کووڈ نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی (این ٹی اے سی) نے کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے متاثرہ ممالک کے سفر پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے۔
این ٹی اے سی نے نئے ویریئنٹ کے مدنظر فضائی، زمینی اور آبی گزرگاہوں سمیت تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کو ہموار کرنے اور عوامی اجتماعات کو محدود کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ اومیکرون سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو 14 دن کے لیے ادارہ جاتی قرنطین کیا جائے۔
بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ اور کچھ ممالک میں کووڈ 19 کی نئی شکل اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنی تمام بندرگاہوں پر الرٹ جاری کیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے ترجمان نے کہا کہ حکومت نئے ویریئنٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے کیونکہ ڈبلیو ایچ او اس نئی قسم سے فکرمند ہے۔
قبل ازیں وزیر صحت زاہد ملک نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو انتہائی متعدی اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔