لکھنؤ، 22 جنوری (یو این آئی) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ ملک کے مختلف مقامات پر اب تک منعقد ہوئے ہنر ہاٹ کے ذریعے نہ صرف ملک کے ہنرمند اور دستکاروں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم ملا ہے بلکہ اس سے وابستہ پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کو روزگار کے مواقع ملے ہیں۔
مسٹر نقوی نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ گذشتہ تقریباً پانچ برسوں میں ہنرہاٹ کے ذریعے پانچ لاکھ سے زیادہ دستکاروں، کاریگروں اور ان سے وابستہ افراد کو روزگار اور روزگار کے مواقع مہیا ہوئے ہیں۔ ہنر ہاٹ سے ملک کے کونے کونے کی شاندار روایتی دستکاری کی وراثت کو مزید استحکام اور شناخت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے شروع 24 واں ہنرہاٹ ملک کے دستکاروں اور کاریگروں کو نہ صرف مواقع اور بازار مہیا کروائے گا بلکہ ایک ضلع ایک پیداوار (او ڈی او پی) منصوبے کو نئی سمت دے گا۔ ووکل فار لوکل تھیم کے ساتھ اودھ میں چار فروری تک چلنے والے ہنرہاٹ کا رسمی طور پر افتتاح کل 23 فروری کو اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کریں گے۔