نئی دہلی:ہندستان فوجی چندو بابولال چوہان کو ، جو عین اسی روز بلا ارادہ کنٹرول لائن کے اس پار چلا گیا تھا جس دن ہندستان نے دہشت گردوں کے لانچ پیڈوں پر سرجیکل اسٹرائک کیا تھا، ہندستانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔ پاکستانی فوج نے آج اس کی تصدیق کر دی۔
پاکستانی مسلح افواج کے باقاعدہ ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کیا ہے کہ سپاہی چندو بابو لال چوہان کو بتا دیا گیا ہے کہ اسے اس کے ملک بھیج دیا جائے گا اور اسے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واگھہ پر ہندستانی فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔انہوں نے اس بابت آئی ایس پی آر ڈائریکٹر جنرل کی طرف بیان جاری کیا ہے ۔
پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کنٹرول لائن پار کر جانے والا جوان اپنے کماندار سے شاکی تھا ۔ اس طرح 29 ستمبر کو وہ پاکستا ن چلا آیا تھا۔
دوسری طرف ہندستانی فوج اور وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں بار بار پاکستان سے کہا تھا کہ متعلقہ ہندستان فوجی کو کونسلر مہیا کیا جائے جو بحٹک کر 29 ستمبر کی رات پاکستان پہنچ گیا تھا۔
میجر جنرل غفور نے مزید ٹوئٹ کیا ہے کہ پاکستانی فوج جذبہ خیر سگالی کے تحت چندو بابو لال چوہان کو واپس بھیج رہی ہے ۔جو اپنی مرضی سے 29 ستمبر کو کنٹرول لائن پار کر گیا تھا اور خود کو پاکستانی فوج کے حوالے کر دیا تھا۔
ٹوئٹ میں بہر حال یہ بتا یا گیا کہ اس ہندستانی فوجی کو کس دن ہندستان کے حوالے کیا جائے گا۔البتہ کہا گیا ہے کہ خیر سگالی کا یہ جذبہ کنٹرول لائن پر امن اور سکون کے رخ پر ہے ۔
بعض خبروں میان کہا گیا ہے یہ واپسی آج بھی ممکن ہے ۔
پاکستان کی طرف سے واپسی کی اس تصدیق سے ایک ہفتہ قبل مملکتی وزیر سبھاش بھمرے نے میڈیا کو بتا یا تھا کہ دونوں ملکوں کی فوج کے ذمہ داران کے مابین کئی دور کی بات چیت کے بعد پاکستان نے متعلقہ فوجی کو واپس کرنے سے اتفاق کیا تھا۔