آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازع علاقے نیگورنو-کاراباخ میں لڑائی جاری ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے تازہ جھڑپوں کی رپورٹس دی جارہی ہیں جبکہ آرمینیا کی فوج کے اب تک 773 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان نے نیگورنو-کاراباخ میں مزید جھڑپوں کی تصدیق کی ہے جہاں لڑائی کو تین ہفتے ہوچکے ہیں جبکہ جنگ بندی کی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں۔
آذربائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ آرمینیا کی فوج کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ تھما نہیں اور ترتار اور آغدام میں مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں 2شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔
دوسری جانب آرمینیا کی وزارت دفاع کی ترجمان سشان اسٹیپانیان نے کہا کہ جنوبی علاقوں میں لڑائی میں شدت آئی ہے اور آذربائیجان کی فورسز مذکورہ خطے میں آرٹلری کا استعمال کر رہی ہے۔









