نئی دہلی 18 ستمبر (یواین آئی) جمعرات کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں سب سے زیادہ اور ریکارڈ اضافے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر 96،424 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے کورونا متاثرین کی تعداد 52 لاکھ سے متجاوز ہوچکی ہے جبکہ اسی عرصہ کے دوران ریکارڈ 87،472 افراد کی شفایابی سے صحتیاب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 41 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
جمعہ کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ مریضوں کی تعداد 96،424 سے بڑھ کر مجموعی تعداد 52،14،677 ہوگئی۔ اس سے قبل جمعرات کو سب سے زیادہ (97،894) نئے کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ اس سے پہلے دو دن میں نئے کیسز میں کمی آئی تھی۔
اسی عرصے کے دوران 87 ہزار سے زیادہ مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے کورونا سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 41،12،551 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران مزید 1174 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 84،372 ہوگئی ہے۔
صحت مند ہونے والوں کے مقابلہ میں وائرس کے نئے کیسز زیادہ ہونے سے ایکٹیو کیسز 7778 کے اضافہ سے یہ تعداد 10،17،754 ہو گئی۔
ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 19.52 فیصد ،شفایابی کی شرح 78.86 فیصد اوراموات کی شرح 1.62 فیصد ہے۔