ریزرو بینک آف انڈیا نے بتایا کہ 2000 روپے کے نوٹوں میں سے 97.87 فیصد اس کے پاس واپس آگئے ہیں۔ یہ نوٹ قانونی ٹینڈر رہیں گے۔ ریزرو بینک نے ایک ریلیز میں کہا کہ 19 مئی کو کاروبار کے اختتام پر 2000 روپے کے بینک نوٹوں کی کل قیمت 3.56 لاکھ کروڑ روپے تھی۔
اب 28 جون کو کاروبار کے اختتام پر، 2000 روپے کے کل ملاکر 7581 کروڑ روپے کے نوٹ گردش میں رہ گئے تھے۔
ریزرو بینک نے کہا ہے کہ 2000 روپے کے نوٹ قانونی ٹینڈر رہیں گے۔سنٹرل بینک نے گزشتہ سال 19 مئی کو 2000 روپے کے نوٹوں کو گردش سے نکالنے کا اعلان کیا تھا اور لوگوں کو قواعد کے مطابق بینکوں اور آر بی آئی کی شاخوں میں نوٹ جمع کرنے یا تبدیل کرنے کا موقع دیا گیا۔
2000 روپے کے بینک نوٹ جمع کرنے اور بدلنے کی سہولت 7 اکتوبر 2023 تک ملک کی تمام بینک شاخوں میں دستیاب تھی۔9 اکتوبر 2023 سے ریزرو بینک آف انڈیا کے دفاتر بھی افراد/ اداروں سے ان کے بینک کھاتوں میں جمع کرنے کے لیے 2000 روپے کے بینک نوٹ قبول کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عام لوگ اپنے بینک کھاتوں میں جمع کرانے کے لیے 2000 روپے کے بینک نوٹ ہندوستانی ڈاک کے ذریعے ملک کے کسی بھی پوسٹ آفس سے ریزرو بینک آف انڈیا کے کسی بھی ایشو آفس کو بھیج رہے ہیں۔