واشنگٹن، 4 جنوری؛امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی اسلامی ریوولیوشنری گارڈ کورپس کے میجر جنرل قاسم سلیمانی کو مارنے کے فیصلے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی یہ کارروائی جنگ کو روکنے کے لئے تھی نہ کہ آغاز کرنے کے لیے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ’’امریکہ کی ایران کے سليماني کے خلاف جمعہ کے روز کی گئی کارروائی جنگ ختم کرنے کے لئے تھی نہ کہ جنگ کو شروع کرنے کے لئے‘‘۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے شہریوں کی حفاظت کے تئیں محتاط ہے اور اگر ایران نے کسی بھی شہری کو نقصان پہنچایا تو جو بھی کارروائی کرنی پڑی اس کے لئے وہ تیار ہیں۔
امریکی صدر نے سلیمانی پر بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا۔ حالانکہ انہوں نے مبینہ سازش کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے سلیمانی کو ایک منصوبہ بندی میں ملوث پایا تھا اور ختم کر دیا‘‘۔
واضح رہے کہ ریووولیوشنری گارڈز کورپس کے میجر جنرل قاسم سلیمانی کے بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب امریکی راکٹ حملے میں مارے جانے کے بعد مشرق وسطی کے ممالک میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔