لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ آیوش ڈاکٹروں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک باجپئی نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کے مسائل سے واقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ جلد ہی آیوش ڈاکٹروں کے مسائل کے سلسلہ میں مناسب فیصلہ کرے گی۔ مسٹر باجپئی نے ڈاکٹروں کو یقین دلایا کہ محکمہ جاتی مصروفیات کے سبب احکامات جاری نہیں ہو سکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر ایک ہفتہ کا مزید انتظار کریں اس کے بعد حکم جاری کر
دیا جائے گا۔
نیشنل انٹی گریڈیٹ میڈیکل ایسوسی ایشن کی بھوک ہڑتال پر پہنچ کر سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری و رکن اسمبلی روی داس مہروترا نے ڈاکٹروں کے مطالبات منظور ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے قریب بھوک ہڑتال میں سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ آیوش ڈاکٹروں پرکام کا کافی دباؤ دکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونانی اور آیوروید ڈاکٹروں سے مریضوں کو کافی فائدہ ہوتا ہے ان کے مسائل کو جائز قرار دیتے ہوئے مسٹر باجپئی نے کہا کہ حکومت بھی ان کے مسائل سے واقف ہے اور انہیں حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی روی داس مہروترا نے بھی آیوش ڈاکٹروں کے مطالبات کو جائز ٹھہرایا اور اپنی حمایت دیتے ہوئے کہا کہ آیوش ڈاکٹر کافی محنت اور لگن سے اپنا کام کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ خود بھی وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت سے آیوش ڈاکٹروں کے مطالبات پر بات کریں گے۔ تنظیم کے صدر ڈاکٹر معید احمد نے کہا کہ حکومت کئی مرتبہ یقین دہانی کرا چکی ہے لیکن احکامات جاری نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک احکامات جاری نہیں ہوتے ہڑتال جاری رہے گی۔