لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بنتھرا علاقہ میں بدھ کی شب خرید و فروخت کرنے کے بعد ایک صراف کو موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوںنے گولی مار دی۔ صراف کی چیخ پکار سن کر راہ گیر اس کی مدد کیلئے پہنچے لیکن اسی درمیا ن لٹیرے فرار ہو گئے۔ زخمی صراف کو علاج کیلئے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرا دیاگیا ہے۔ دوسری جانب اس واردات کے سلسلہ میں بنتھرااناؤ پولیس سرحدی علاقہ میں الجھ گئی ہے۔ خبر کے مطابق اناؤکے سہرامئو سہراواں کا باشندہ ونے سونی (۳۵) زیورات کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ونے گاؤں کے بازار میں زیورات کی دکان لگاتا ہے۔ بدھ کو ونے بنتھرا کے رحیم نگر و پڑیانا بازار میں زیورات فروخت کرنے کیلئے گیا ہوا تھا۔ بازار ختم ہونے کے بعد ونے کل دیر رات اپنی موٹر سائیکل سے گھر واپس آرہا تھا۔ راستے میں رحیم نگر کے قریب اسے
موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں نے روک لیا۔
بدمعاشوں نے ونے سے زیورات کا بیگ چھیننے کی کوشش کی تو اس نے مخالفت کی۔اسی دوران موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے ہوئے بدمعاش نے ونے کو گولی مار دی۔ گولی لگنے کے بعد ونے سڑک پر گر گیا ۔ بدمعاشوں نے زیورات سے بھرا بیگ چھیننے کی کوشش کی تو ونے نے شور مچا دیا۔ شور کی آواز سن کر راہ گیر مدد کیلئے پہنچے۔ لوگوں کو آتے ہوئے دیکھ کر موٹر سائیکل سوار موقع سے فرارہو گئے۔ مقامی لوگوں نے زخمی صراف کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔ اس معاملہ میں جب صراف نے رپورٹ درج کرانے کیلئے بنتھرا پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے واردات کو سہرا مئو حلقہ کی بتاکر رپورٹ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ متاثرہ نے جب سہرا مئو پولیس تھانے میں رپورٹ درج کرنے کی کوشش کی تو سہرا مئو پولیس نے واردات سے بنتھرا حلقہ کی بتاکر رپورٹ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ اب اس واردات کی رپورٹ دونوں تھانوں کے سرحدی تنازعہ میں الجھی ہوئی ہے۔