دسمبر 2018 میں پاکستان کی سیر کیلئے آنے والی معروف کینیڈین موٹرسائیکلسٹ اور ٹریول بلاگر روزی گیبریل کے اسلام قبول کرنے کی خبر تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
وینا ملک اور شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے بھی روزی کے قبول اسلام پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حمزہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’’ ماشاء اللہ، اللہ تعالیٰ اس عارضی زندگی میں آپ کو طاقت، قناعت اور رحمت دے اور آپ کو ان میں سے ایک بنائے جو لوگوں کو اس حقیقت سے آگاہ کریں کہ بہت جلد، قیامت کے دن ہم سب اپنے اعمال کیلئے خدا کے سامنے جوابدہ ہوں گے‘‘۔
وینا ملک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’’وہ لوگ خوش قسمت ہوتے ہیں جن کی صحیح راستے کی جانب رہنمائی ہوجائے، امن کے مذہب میں خوش آمدید‘‘۔
گزشتہ روز انسٹاگرام پر روزی نے ہاتھ میں قرآن پاک تھامے ہوئے تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے طویل پوسٹ میں اس اہم ترین فیصلے سے متعلق بتایا تھا۔
اسلام کی جانب مائل ہونے کا اہم زینہ پاکستان کو قرار دیتے ہوئے روزی نے لکھا کہ نہ صرف دررد کے آخری اثرات اورمیری انا کے حوالے سے مجھے چیلنج کرنے کیلئے بلکہ مجھے سیدھا راستہ دکھانے کیلئے قدرت مجھے پاکستان لائی۔ اس سفر کے دوران لوگوں کے مہربان رویوں نے میرے دل کو مزید تلاش کی ترغیب دی کہ مسلمان ملک میں 10 سال سے زائد رہ کر اور بڑے پیمانے پران خطوں کا سفر کرتے ہوئے ایک چیز کا مشاہدہ کیا ’’امن ‘‘۔ ایسا سکون جس کا خواب کوئی بھی بس اپنے دل میں ہی دیکھ سکتا ہے۔
روزی نے اپنے قبول کردہ مذہب کو سراہتے ہوئے لکھا کہ بدقسمتی سے اسلام ان مذاہب میں ہے جس کی دنیا میں سب سے زیادہ غلط تشریح کرتے ہوئے تنقید کی جاتی ہے لیکن اسلام کے حقیقی معنی امن ، محبت اور یگانگت ہے۔ یہ صرف مذہب نہیں زندگی گزارنے کا طریقہ ہے۔ انسانیت ، عاجزی اور محبت کی زندگی۔
دورہ پاکستان کے موقع پر روزی کا کہنا تھا کہ مجھے کہا جاتا تھا پاکستان کیوں جا رہی ہو، طرح طرح کے خدشات ظاہر کیے گئے لیکن ایسے استقبال پر میرے الفاظ میرا ساتھ نہیں دے رہے۔
پاکستان میں عام زندگی سے لطف اندوز ہونے والی روزی نے یہاں کے بازاروں میں بھی گھومنے کا تجربہ کیا، لوگوں کے گھروں میں جا کرمہمان نوازی کا بھی لطف اٹھایا۔ اس حوالے سے تصاویر انسٹا پر شیئر کرتے ہوئے روزی نے یہاں کی ثقافت کی خوب تعریفیں کیں ۔