ایران کی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے مسافر طیارے کے حادثے کے ذمے داران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے کی وسیع تر تحقیقات کی گئیں اور چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اس سلسلے میں کتنے افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

اس سے قبل منگل کو ایران کے صدر حسن روحانی نے یوکرین کا طیارہ مار گرانے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا۔
8جنوری کو تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا یوکرین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
عالمی رہنماؤں نے ایران پر مسافر طیارہ مار گرانے کا الزام عائد کیا تھا تاہم ایران کی جانب سے ابتدائی طور پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے یوکرین اور بوئنگ کمپنی کو تحقیقات میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔









