بھوپال، 16 جنوری ( یواین آئی) مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج رکن اسمبلی بنواری لال شرما اور سابق رکن اسمبلی رگناتھ سنگھ انجنا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مرحومین کے اعزاز میں کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔
دو روزہ خصوصی اجلاس کے پہلے دن چیرمین این پی پرجاپتی نے مسٹر شرما اور مسٹر انجنا کے انتقال کی باضابطہ معلومات ایوان کو دی ۔ انہوں نے ایوان کی جانب سے دونوں کو خراج ِ عقیدت پیش کیا ۔
اس کے علاوہ وزیر اعلی کمل ناتھ اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر گوپال بھارگو نے بھی مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ دونوں لیڈروں نے مرحومین کی سماجی اور سیاسی خدمات میں پر روشنی ڈالی ۔اس کے بعد مرحومین کے اعزاز میں دو منٹ کا مون رکھا گیا اور کارروائی کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی ۔
یہ خصوصی سیشن لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی جانب سے منظور آئین کے 126 ویں ترمیمی بل کی حمایت کے لئے منعقد کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایوان میں تجویز کل پیش کی جائے گی ۔ یہ ترمیمی بل قانون ساز ایوانوں میں ریزرویشن کی حد دس سال مزید بڑھانے کے متعلق ہے ۔