سری نگر، 21 جنوری (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ کے کھریو علاقہ میں منگل کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں دو جنگجو مارے گئے مہلوک جنگجوؤں کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ جیش محمد نامی جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ تھے_ ان میں سے ایک کی شناخت ترال کے رہنے والے رئیس احمد کے بطور ہوئی ۔
سرکاری ذرائع نے مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اونتی پورہ کے کھریو میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو منگل کی علی الصبح محاصرے میں لے لیا_
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوﺅں نے فورسز پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں دو جنگجو مارے گئے_
انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ میں آپریشن جاری ہے اور مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے_
قبل ازیں جنوبی ضلع شوپیاں کے وچی علاقہ میں پیر کو ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے_
مہلوک جنگجوؤں میں ایس پی او سے جنگجو بننے والا عادل بشیر بھی شامل تھا جس نے 2018 میں اس وقت کے پی ڈی پی ممبر اسمبلی اعجاز احمد میر کی سرکاری رہائش گاہ سے سات اے کے 47 رائفلیں اور ایک پستول کو اڑایا تھا_